vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک میں نفرت انگیز واقعہ، نامعلوم افراد کے خلاف تلاش شروع

0

نیویارک کے علاقے کوئنز میں متعدد عبادت گاہوں اور رہائشی گھروں پر نامعلوم افراد کی جانب سے سواستیکا یعنی نفرت کی علامت کے نشانات بنائے جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد شہر میں خوف اور تشویش کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔

سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینن نے دیگر اراکین کے ہمراہ فاریسٹ ہلز میں واقع ایک عبادت گاہ کا دورہ کیا، جہاں دیواروں، گیراج اور قریبی گھروں پر سیاہ رنگ سے سواستیکا کے نشانات بنائے گئے تھے۔ انہوں نے اس واقعے کو نفرت اور تشدد کی دھمکیوں کا اظہار قرار دیا۔جولی مینن کے مطابق جب عبادت گزار صبح عبادت کے لیے پہنچے تو انہیں اپنی معمول کی پرامن فضا کے بجائے خوفناک مناظر کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل نہ صرف ایک کمیونٹی بلکہ پورے شہر کے لیے تشویشناک ہے۔پولیس حکام کے مطابق اس واقعے میں کم از کم چار افراد ملوث ہیں جن کی تلاش جاری ہے، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد گرافٹی کو صاف کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کے نفرت انگیز واقعات کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بروکلین میں کھیل کے میدان میں درجنوں سواستیکا بنانے پر دو نوجوانوں کو گرفتار کر کے ان پر نفرت انگیز جرائم کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس کے بعد شہر میں ایسے واقعات کے خلاف نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.