vosa.tv
Voice of South Asia!

ایران کی 14 نکاتی تجاویز، امریکا سے جنگ کے مکمل خاتمے کا مطالبہ

0

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے امریکا کی 9 نکاتی تجویز کے جواب میں اپنی 14 نکاتی تجاویز پاکستان کے ذریعے واشنگٹن تک پہنچا دی ہیں، جن میں عارضی جنگ بندی کے بجائے جنگ کے مکمل خاتمے پر زور دیا گیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ صرف وقتی جنگ بندی قبول نہیں کرے گا بلکہ مستقل امن کے لیے ٹھوس اقدامات ضروری ہیں۔ ایرانی تجاویز میں امریکا سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایران کے منجمد اثاثے بحال کرے، تمام اقتصادی پابندیاں ختم کرے اور مستقبل میں دوبارہ جارحیت نہ کرنے کی ضمانت دے۔ان تجاویز میں خطے سے امریکی افواج کے انخلا، بحری ناکہ بندی کے خاتمے، ہرجانے کی ادائیگی اور لبنان سمیت دیگر محاذوں پر جنگ کے مکمل خاتمے جیسے اہم نکات بھی شامل ہیں۔ ایران نے آبنائے ہرمز کے لیے نئے سیکیورٹی طریقہ کار کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ذرائع کے مطابق ایران نے 30 دن کے اندر ابتدائی معاہدہ کرنے کی شرط رکھی ہے، جس کے تحت آبنائے ہرمز کو کھولا جائے گا اور جنگی صورتحال ختم کی جائے گی، جبکہ اس کے بعد مزید مذاکرات کے ذریعے جوہری پروگرام پر پیش رفت کی جائے گی۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان تجاویز پر محتاط ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کا جائزہ لے رہے ہیں، تاہم انہوں نے عندیہ دیا کہ اگر ضروری ہوا تو ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی بھی خارج از امکان نہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.