vosa.tv
Voice of South Asia!

پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی، ایران پر حملے رُک گئے، جنگ بندی میں توسیع

0

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی درخواست پر ایک بار پھر ایران پر ممکنہ حملے روکنے اور جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کر دیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی وقتی طور پر کم ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

صدر ٹرمپ کے مطابق جنگ بندی کی مدت، جو بدھ کی شام ختم ہونے والی تھی، اب بڑھا دی گئی ہے تاکہ ایران کو جنگ کے خاتمے کے لیے مشترکہ تجویز تیار کرنے کا مزید وقت مل سکے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ دو ہفتوں کے دوران یہ دوسری بار ہے کہ ٹرمپ نے جنگ میں شدت لانے کے بجائے سفارتی راستہ اختیار کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق  واشنگٹن میں سفارتی سرگرمیاں عروج پر تھیں اور نائب صدر جے ڈی وینس کا طیارہ اسلام آباد روانگی کے لیے تیار تھا، تاہم کئی گھنٹوں کے انتظار کے باوجود پرواز نہ ہو سکی اور مذاکرات ملتوی کر دیے گئے۔ ایران کی جانب سے بھی مذاکرات میں شرکت کی کوئی حتمی یقین دہانی نہیں کروائی گئی تھی، جس کے باعث صورتحال غیر یقینی رہی۔صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کی قیادت، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر کیا گیا ہے، تاکہ مذاکراتی عمل کو جاری رکھا جا سکے۔ اس بار جنگ بندی کی مدت کا کوئی واضح وقت مقرر نہیں کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا مزید لچک دکھانے کو تیار ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سفارتی کوششوں کو تقویت ملے گی اور امن کے لیے ٹھوس پیش رفت کا موقع ملے گا۔ماہرین کے مطابق اگرچہ اس توسیع سے وقتی ریلیف ملا ہے، تاہم ایران کے ایٹمی پروگرام، خطے میں مسلح گروہوں کی حمایت اور آبنائے ہرمز کی صورتحال جیسے بڑے مسائل اب بھی حل طلب ہیں، جو کسی بھی مستقل امن معاہدے کی راہ میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.