vosa.tv
Voice of South Asia!

ایران میں مبینہ امریکی حملوں کی تیاری ناکام، 120 سے زائد افراد گرفتار

0

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے ملک بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کی مبینہ تیاری میں ملوث 120 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق یہ افراد غیر ملکی طاقتوں کے لیے کام کر رہے تھے اور ملک کے اندر حساس معلومات اکٹھی کر رہے تھے۔ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق گرفتار افراد پر الزام ہے کہ ان کے روابط امریکا، برطانیہ اور اسرائیل سے تھے اور وہ ممکنہ فوجی حملے کے لیے زمینی راہ ہموار کرنے میں مصروف تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صوبہ مشرقی آذربائیجان سے 7 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جو حساس مقامات کی معلومات اپنے بیرونی رابطوں کو بھیج رہے تھے۔اسی طرح صوبہ مازندران میں 69 جبکہ کرمان میں 51 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن میں تین مبینہ جاسوس گروہ بھی شامل ہیں۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ افراد اہم تنصیبات، بنیادی ڈھانچے اور سروسز سے متعلق معلومات بیرونِ ملک منتقل کر رہے تھے۔اس سے قبل بھی ایرانی سیکیورٹی اداروں نے اسی نوعیت کی کارروائی میں کم از کم 50 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورکس کرائے کے ایجنٹس پر مشتمل تھے جو دشمن ممالک کے ساتھ تعاون کر رہے تھے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.