امریکا کے مشرقی حصے میں غیر معمولی اور طویل گرمی کی لہر جاری ہے، جس کے باعث نیویارک، فلاڈیلفیا اور واشنگٹن سمیت بڑے شہروں میں درجہ حرارت تاریخی ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا یہ گرم ہوائیں ایک طاقتور موسمی نظام کے باعث پیدا ہوئی ہیں، جس نے ملک کے مشرقی علاقوں کو “شدید گرمی” میں تبدیل کر دیا ہے۔ واشنگٹن ڈی سی میں درجہ حرارت 93 ڈگری فارن ہائیٹ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ یہ سلسلہ ہفتے کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ماہرین کے مطابق اپریل کے مہینے میں اس نوعیت کی مسلسل اور شدید گرمی غیر معمولی ہے، اور کئی شہروں میں روزانہ کی بنیاد پر درجہ حرارت کے ریکارڈ ٹوٹنے کا خدشہ ہے۔ نیویارک میں بھی 87 سال پرانا ریکارڈ خطرے میں پڑ گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ گرمی کی لہر آئندہ چند دن جاری رہے گی تاہم اتوار کے بعد درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔