امریکی شہر نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے بچوں کی نگہداشت کے نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے 2-K پروگرام کو مکمل دن اور پورے سال کے لیے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق اس پروگرام کے تحت بچوں کی تعلیم و دیکھ بھال صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک، سال میں 260 دن جاری رہے گی، جو پہلے کے 180 دن کے تعلیمی شیڈول کی جگہ لے گی۔ اس اقدام کا مقصد کام کرنے والے والدین کو سہولت فراہم کرنا اور مہنگی چائلڈ کیئر کے مسائل کو کم کرنا ہے۔میئر ممدانی کا کہنا ہے کہ روایتی مختصر اوقات کار والدین کی ضروریات پوری نہیں کرتے، جس کی وجہ سے انہیں ملازمت اور بچوں کی دیکھ بھال کے درمیان مشکل انتخاب کرنا پڑتا ہے۔ نئی پالیسی اس مسئلے کو حل کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔حکام کے مطابق یہ منصوبہ شہر میں یونیورسل چائلڈ کیئر کے وسیع تر پروگرام کا حصہ ہے، جس کے تحت کم عمر بچوں کے لیے تعلیم اور نگہداشت کو مزید قابلِ رسائی اور مؤثر بنایا جائے گا، جبکہ آئندہ برسوں میں اس پروگرام کو مزید وسعت دینے کا بھی ارادہ ہے۔