امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری کشیدگی کے دوران سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران کی بحری اور فضائی افواج تقریباً ختم ہو چکی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ امریکا ایرانی حکومتی ڈھانچے کو فوجی، اقتصادی اور دیگر شعبوں میں مسلسل نشانہ بنا رہا ہے۔صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ اخبار پڑھے تو اسے غلط تاثر مل سکتا ہے کہ امریکا اس جنگ میں کامیاب نہیں ہو رہا۔امریکی صدر کے مطابق ایران کے میزائل اور ڈرون نظام کو بھی مسلسل تباہ کیا جا رہا ہے جبکہ ایرانی قیادت اور عسکری ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض ایرانی رہنما بھی عملی طور پر منظر سے غائب ہو چکے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس بے مثال عسکری طاقت اور وسیع گولہ بارود موجود ہے اور امریکی افواج دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے مشن پر کام کر رہی ہیں۔ ان کے بقول ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے جو کئی دہائیوں سے بے گناہ افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں۔