vosa.tv
Voice of South Asia!

میئر ممدانی کا ججز کی تعیناتی کمیٹی کیلئے نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا تقرر

0

 میئر زہران ممدانی نے ڈگلس کیتھ کو میئر ایڈوائزری کمیٹی آن دی جوڈیشری کا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کرتے ہوئے ججز کی تعیناتی کے عمل میں شفافیت کیلئے اہم اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔

 حکام کے مطابق کمیٹی کیلئے پہلی بار باقاعدہ عوامی ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے، جبکہ نیویارک سٹی بار ایسوسی ایشن کا ججز کے امیدواروں کا جائزہ لینے کا کردار بھی باضابطہ طور پر بحال کردیا گیا ہے۔ ڈگلس کیتھ اس سے قبل برینن سینٹر فار جسٹس میں جوڈیشری پروگرام کے ڈپٹی ڈائریکٹر رہ چکے ہیں، اور انہیں ملک بھر میں ججز کی تعیناتی کے میکانزم پر ایک دہائی کا تجربہ حاصل ہے۔ میئر ممدانی نے کہا کہ ججز روزانہ ایسے فیصلے کرتے ہیں جو نیویارک شہریوں کی زندگیوں پر اثر ڈالتے ہیں، اسی لیے ان کی تعیناتی کا عمل عوامی اعتماد کے قابل ہونا چاہیے۔ کمیٹی کے چیئر علی نجمی نے کہا کہ نیا ضابطہ اخلاق اور سٹی بار کے ساتھ شراکت داری نیویارک میں ججز کی تعیناتی کیلئے نیا معیار قائم کرے گی۔ حکام کے مطابق نئے میمورنڈم کے تحت سٹی بار کی جوڈیشری کمیٹی آزادانہ طور پر امیدواروں کا جائزہ لے کر ریٹنگز فراہم کرے گی، جو نصف صدی پرانی روایت تھی مگر گزشتہ انتظامیہ نے ختم کردی تھی۔ رپورٹ کے مطابق میئر ممدانی نے اپنے دور اقتدار کے دوسرے دن سول رائٹس وکیل علی نجمی کو کمیٹی کا چیئر مقرر کیا تھا اور ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے جس میں کمیٹی کو وکلاء کے وسیع طبقے کو شامل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.