سعودی عرب کے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 6 اور 7 اکتوبر کو دو الگ حملوں میں نشانہ بنایا گیا، جن کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوگئے۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے مطابق ابہا ایئرپورٹ پر حملے میں مراکش اور الجزائر سے تعلق رکھنے والی دو خواتین جاں بحق جبکہ 28 افراد زخمی ہوئے۔دوسری جانب ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے میں سوڈان سے تعلق رکھنے والا ایک رہائشی جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سعودی شہریوں کے علاوہ مصر اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ بعض زخمیوں کی حالت معمولی اور کچھ کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں دونوں ہوائی اڈوں کو مادی نقصان بھی پہنچا۔ متعلقہ ادارے نقصانات کا جائزہ لینے، تنصیبات کی سلامتی یقینی بنانے اور ہوائی سفر کے محفوظ آپریشنز برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔یمن کے حوثی گروپ نے دونوں ہوائی اڈوں پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔