نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے سول سروس کے نظام کو جدید بنانے اور بھرتیوں کے عمل کو تیز کرنے کیلئے لیبر یونینز کے ساتھ شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق سول سروس ماڈرنائزیشن ایڈوائزری کمیٹی حکومت اور لیبر یونینز کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی، جس کی سربراہی ڈی سی اے ایس کمشنر یومے کیتاسے کریں گی جبکہ ڈی سی 37 کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہنری گاریڈو نائب سربراہ ہوں گے۔ میئر ممدانی نے کہا کہ شہر میں اچھی تنخواہ والی ملازمت تلاش کرنا آسان، تیز اور منصفانہ ہونا چاہیے، اور یہ کمیٹی بھرتی کے عمل کو تیز بنانے کیلئے فوری اور طویل المدتی حل تلاش کرے گی۔ حکام کے مطابق نیویارک 1883 میں سول سروس سسٹم اپنانے والی پہلی ریاست تھی، تاہم موجودہ نظام پرانی ٹیکنالوجی، پیچیدہ انتظامی طریقہ کار اور طویل وقت طلب عمل کے باعث آج کی ضروریات پورا کرنے میں ناکام رہا ہے۔ کمیٹی کے مطابق ترجیحات میں تیز رفتار بھرتی، شفاف اور قابل اعتماد نظام، واضح کیریئر راستے اور جدید ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق شہر میں 3 لاکھ سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں، جن میں سے تقریباً 80 فیصد آسامیاں سول سروس امتحان کے ذریعے پر کی جاتی ہیں، اور ڈی سی اے ایس سالانہ تقریباً 175 امتحانات منعقد کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق میئر ممدانی کی انتظامیہ پہلے ہی ہائی اسکول طلبہ کیلئے مفت سول سروس امتحانات، سول سروس پاتھ ویز فیلوشپ میں اضافہ اور جابز نیویارک سینٹر جیسے اقدامات کرچکی ہے۔