نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے فیفا ورلڈ کپ کے دوران شروع کیے گئے "اوپن پلے” پروگرام کو ستمبر 2027 تک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت شہری رات 10 بجے سے 2 بجے تک پانچوں بورو میں مفت فٹبال کھیل سکیں گے۔
حکام کے مطابق یہ پروگرام فیفا ورلڈ کپ کے دوران شروع کیا گیا تھا اور گزشتہ گرمیوں میں ایک ماہ کے دوران 4 ہزار 500 سے زائد شرکا نے اس میں حصہ لیا۔ میئر ممدانی نے کہا کہ یہ ورلڈ کپ ختم ہوچکا ہے، مگر شہریوں کیلئے مفت تفریح کا عزم جاری رہے گا، اسی لیے رات گئے کھیلنے کی سہولت اگلے سال کے فیفا ویمنز ورلڈ کپ تک برقرار رکھی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق یہ پروگرام اکتوبر سے نومبر 2026 اور پھر اپریل سے ستمبر 2027 تک جاری رہے گا، جبکہ 18 سال یا اس سے زائد عمر کے شہری برونکس، بروکلین، مین ہٹن، کوئنز اور اسٹیٹن آئی لینڈ کے مخصوص میدانوں میں مفت کھیل سکیں گے۔ رپورٹ کے مطابق گرمیوں کے پروگرام میں 696 بار میدان بک کیے گئے، جبکہ بروکلین کا کیلورٹ ووکس پارک سب سے زیادہ استعمال ہونے والا میدان رہا جہاں 1,448 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ حکام کے مطابق پارکس انفورسمنٹ پیٹرول اہلکار ہر مقام پر موجود رہیں گے، جبکہ شہری آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔