امریکامیں ریٹائرڈاورمعذوروالدین کےبچوں کوسوشل سیکیورٹی بینیفٹ مل سکتےہیں
نیویارک(نیوزڈیسک)امریکا میں والدین کے سوشل سیکیورٹی بینیفٹ بچوں کے لیے بھی مالی سہارا بن سکتے ہیں۔ سوشل سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق مخصوص شرائط پوری کرنے والے بچے ان بینیفٹس کے اہل ہوسکتے ہیں۔
امریکی سوشل سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کےمطابق ہر ماہ لاکھوں بچوں کو ایسے بینیفٹ دیے جاتے ہیں،جن کےوالدین ریٹائرڈ، معذور یا فوت ہوچکے ہوں۔اہل بچےکے لیےضروری ہے کہ والدین میں سےایک ریٹائرڈ ہو یا معذوری کے باعث سوشل سیکیورٹی بینیفٹ کا حقدار ہو۔جبکہ والد کےانتقال کی صورت میں بھی بچہ مخصوص شرائط کےتحت بینیفٹ حاصل کرسکتا ہے۔
ایس ایس اے کے مطابق اگر کوئی والدین بچےکی نگہداشت کی بنیاد پرسوشل سیکیورٹی بینیفٹ حاصل کر رہا ہوتواس کے بینیفٹس ختم ہونےکی تاریخ بچے کے بینیفٹ سےمختلف ہوسکتی ہے۔اگربچہ معذورنہ ہو تو والدین کو ملنےوالےیہ بینیفٹ بچےکی 16 سال کی عمر تک جاری رہتے ہیں۔ تاہم بچے کی معذوری کی صورت میں، بعض شرائط پوری ہونے پر والدین کے بینیفٹ جاری رہ سکتے ہیں۔ غیر شادی شدہ بچہ 18 سال کی عمر تک اس بینیفٹ کا اہل ہوسکتا ہے۔ جبکہ 18 سے 19 سال کی عمر کے ایسے بچے بھی بینیفٹ جاری رکھ سکتے ہیں جو گریڈ 12 یا اس سے کم درجے میں کل وقتی تعلیم حاصل کررہے ہوں۔22سال کی عمر سے پہلے شروع ہونے والی معذوری کی صورت میں بھی بینیفٹ 18 سال کے بعد جاری رہ سکتے ہیں۔ بعض حالات میں سوتیلے، گود لیے گئے اور پوتے یا نواسے بھی اہل ہوسکتے ہیں۔
سوشل سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن کے مطابق ایک بچے کو والدین کے مکمل ریٹائرمنٹ یا ڈس ایبلٹی بینیفٹ کا 50 فیصد تک مل سکتا ہے۔ جبکہ والدین میں سے کسی کے انتقال کے بعد سروائیور بینیفٹ کی صورت میں یہ شرح 75 فیصد تک ہوسکتی ہے۔تاہم ایک خاندان کو ملنے والے بینیفٹ کی مجموعی حد بھی مقرر ہے، جو والدین کے مکمل بینیفٹ کے 150 سے 180 فیصد تک ہوسکتی ہے۔مقررہ حد سے زیادہ رقم بننے کی صورت میں خاندان کے بینیفٹ میں تناسب سے کمی کی جاتی ہے، تاہم والدین کے اپنے بینیفٹ میں کمی نہیں کی جاتی۔