vosa.tv
Voice of South Asia!

شہباز شریف کی پاکستانی نوجوانوں اور کمیونٹی کے وفود سے ملاقات

0

نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورۂ امریکہ کے دوران امریکہ میں مقیم پاکستانی برادری اور نوجوانوں کے وفود سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم سے پاکستانی نوجوانوں کے وفد کی ملاقات میں شعبہ صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سماجی کاروبار، نوجوانوں کی تنظیموں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پروفیشنلز شریک ہوئے۔وزیراعظم نے نوجوانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں پاکستان کی ترقی اور مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے اپنی تجاویز پیش کرنے اور ملک کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان پوری قوم کا فخر ہیں، پاکستان کی قسمت نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر کی تعلیم کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب میں بطور خادم پنجاب باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور وظائف فراہم کرنے سمیت معاشی طور پر کمزور طلبہ کو دانش اسکولز کے ذریعے معیاری تعلیم کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، جسے اب بطور وزیراعظم بھی جاری رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے دانش یونیورسٹی کے قیام پر بھی کام جاری ہے۔پاکستانی نوجوانوں نے وزیراعظم کے نوجوانوں کی ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کاروبار میں آسانی کے لیے اقدامات کو سراہا۔ملاقاتوں میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار، امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان احمد شیخ، وزیراعظم کے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ترجمان مشرف زیدی، اوورسیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا، مینیجنگ ڈائریکٹر افضال بھٹی اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.