vosa.tv
Voice of South Asia!

دل سے گولی نکالنے کا کامیاب آپریشن، بلوچستان کا 12 سالہ بچہ صحت یاب ہو کر ڈسچارج

0

کراچی(نیوز ڈیسک)  قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کراچی میں دل میں پیوست گولی نکالنے کے انتہائی پیچیدہ اور جان بچانے والے آپریشن کے بعد بلوچستان کے ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والا 12 سالہ بچہ مکمل صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

بچے کو خضدار میں حادثاتی فائرنگ کے نتیجے میں گولی لگی تھی، جس کے بعد اسے ابتدائی طور پر مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ بچے کی حالت انتہائی تشویشناک اور دل کی انجری انتہائی پیچیدہ ہونے کے باعث اسے خصوصی علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا۔ ترجمان  قومی ادارہ  برائے امراضِ قلب کے ترجمان کے  عبد   الناصر کے مطابق  کراچی کے مختلف اسپتالوں سے ہوتا ہوا بچہ بالآخر این  آئی سی وی ڈی کراچی کے شعبہ اطفال ایمرجنسی پہنچا، جہاں اسے انتہائی نازک حالت میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس انتہائی پیچیدہ سرجری کی سربراہی پروفیسر سہیل خان بنگش، سربراہ شعبہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری،، جبکہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن ڈاکٹر سعد بدر بھی سرجیکل ٹیم میں شامل تھے۔ ڈاکٹر عبد الستار، پیڈیاٹرک انٹروینشنلسٹ، پروفیسر امین خواجہ، ماہرِ بے ہوشی سمیت دیگر ماہر ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے نے بھی آپریشن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

پروفیسر سہیل خان بنگش نے کہا کہ بچے کو انتہائی تشویشناک حالت میں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب لایا گیا تھا اور گولی اس کے دل میں پیوست تھی۔ صورتحال فوری اور مربوط طبی اقدامات کی متقاضی تھی۔ ہنگامی معائنے کے بعد بغیر کسی تاخیر کے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا اور گولی کامیابی سے نکال دی گئی۔ ہمیں خوشی ہے کہ بچے نے علاج کا مثبت ردِعمل دیا، صحت یاب ہوا اور اب اسے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔’

پروفیسر طاہر صغیر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر، این آئی سی وی ڈی نے اس پیچیدہ کیس کو کامیابی سے انجام دینے پر طبی، سرجیکل، نرسنگ اور معاون عملے کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ قومی ادارہ برائے امراضِ قلب سندھ سمیت ملک بھر سے آنے والے مریضوں کو جدید اور خصوصی امراضِ قلب کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ کے مسلسل تعاون سے قومی ادارہ برائے امراضِ قلب میں جدید طبی سہولیات اور خصوصی مہارت دستیاب ہے، جس کے ذریعے پیچیدہ اور انتہائی تشویشناک قلبی کیسز کا کامیابی سے علاج کیا جا رہا ہے۔

بچے کی صحت یابی اور اسپتال سے ڈسچارج ہونا قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کی خصوصی پیڈیاٹرک کارڈیک خدمات اور ملک بھر سے آنے والے مریضوں کو جدید قلبی علاج فراہم کرنے کی صلاحیت کا ایک اور نمایاں ثبوت ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.