امریکی شہر نیویارک میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ایک ہفتے بعد بھی اسپیشل چائلڈز کو اسکول بس کی سہولت دستیاب نہیں ہوسکی۔
امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے تقریباً 2 ہزار اسپیشل چائلڈز ڈرائیورز کی کمی کے باعث بس سروس سے محروم تھے، جبکہ ایک ہفتے بعد بھی تقریباً 100 بس روٹس طلبہ کو لینے کیلئے فعال نہیں ہوسکے۔نیویارک محکمہ تعلیم کے مطابق تمام بچوں کو اسکول پہنچنے کیلئے متبادل انتظامات فراہم کیے جارہے ہیں، جن میں مقررہ بس روٹ، پیشگی ادائیگی والی سفری سہولت اور عوامی ٹرانسپورٹ کارڈ شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اضافی بسیں حاصل کرنے اور نئے ڈرائیورز کی تربیت کا عمل بھی جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق اسپیشل چائلڈز کیلئے بس سروس انتہائی اہم ہے، تاہم بعض والدین کو متبادل سفری سہولت کے تحت اپنے بچوں کو خود اسکول لے کر جانا اور واپس لانا پڑ رہا ہے، جس سے کام کرنے والے والدین کیلئے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔محکمہ تعلیم کے مطابق بس سروس کی بحالی کیلئے فوری اقدامات کے ساتھ طویل مدتی حل پر بھی کام کیا جارہا ہے تاکہ ہر سال ایسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ متاثرہ والدین کو اپنے اسکول کے ٹرانسپورٹیشن کوآرڈینیٹر سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔