بروکلین:پاکستانی امریکن کمیونٹی کے زیرِ اہتمام 9/11 کے متاثرین کی یاد میں شمیں روشن کی گئیں
نیویارک میں سانحہ نائن الیون کے پچیس برس مکمل ہونے اور متاثرین کی یاد میں مسلم کمیونٹی اکھٹی ہوگئی۔ مکی مسجد کے باہر دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا اور متاثرین کی یاد میں شمعیں بھی روشن کی گئیں ۔
نائن الیون کے المناک سانحہ کے پچیس برس مکمل ہونے پر لٹل پاکستان کونی آئی لینڈایونیو پر مکی مسجد کے باہر مسلم کمیونٹی نے جاں بحق افراد کی یاد اور لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا جس کی ابتدا تلاوتِ کلامِ پاک سے کی گئی اور بعد ازاں بارگاہ رسالت میں عقید ت کے پھول نچھاور کیے گئے۔دعائیہ تقریب کے منتظمین میں شامل سماجی شخصیات راجہ آزاد گل، محمد رضوی، چوہدری ساجد، مکی مسجد کے صدر ظفر اقبال،اکرام قریشی، رانا سعید اور حسنین امتیاز شامل تھے۔مقررین کا کہنا تھا کہ اس سانحہ نے بہت کچھ بدل کر رکھ دیا، ہم ایک پرچم کے سائے تلے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے۔ دعائیہ تقریب میں نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں کاؤنٹر ٹیررازم کے کمانڈنگ آفیسر اور پہلے پاکستانی نژد انسپکٹر عدیل رانا بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی امریکیوں اور مسلم کمیونٹی نےہمیشہ یہ ثابت کیا ہے کہ وہ اس سانحہ اور ا سکے متاثرین کو کبھی نہیں بھولے، یہ اتحاد یونہی قائم رہنا چاہیے۔۔تقریب میں شریک پاکستانی امریکن کمیونٹی کے افراد نے ہا تھوں میں امریکی پرچم اٹھائے ہوئےتھے ۔مقررین کا کہنا تھا کہ ہمارے اجتما ع کا یہ واضح پیغام ہے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب اور قومیت نہیں ہوتی۔تقریب میں شریک علما کرام میں شامل میر حسین شاہ، پیر صفدر حسین شاہ اور دیگر نے سانحے کے متاثرین ولواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا بھی کرائی ۔مقررین کا کہنا تھا نائن الیون کو فراموش کرنا ممکن نہیں ۔تقریب کے اختتام پر شرکا کے لیے ریفریشمنٹ کا اہتمام کیا گیا اور سانحہ کے متاثرین کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں ۔