ریاض میں یومِ دفاع کی پروقار تقریب، پاکستانی کمیونٹی اور ڈاکٹروں کی شرکت
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر تعظیم حسین کی جانب سے یومِ دفاع پاکستان کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے اکابرین، ڈاکٹرز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور وطن سے والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان ڈاکٹر تعظیم حسین نے کہا کہ 6 ستمبر قومی اتحاد اور اجتماعی قوت کی علامت ہے۔ 1965ء میں قوم اور افواجِ پاکستان نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا، جبکہ شہداء کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور عوام کے درمیان مضبوط رشتہ ہی قومی طاقت کی عکاسی کرتا ہے۔معروف موٹیویشنل اسپیکر انجینئر ارشد محمود تبسم نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قوموں کی طاقت کا فیصلہ صرف آبادی، جغرافیے یا اسلحے کی کثرت سے نہیں ہوتا بلکہ اصل طاقت ایمان، قومی اتحاد، مضبوط قیادت، عسکری مہارت اور قربانی کے جذبے سے پیدا ہوتی ہے۔تقریب سے راجہ نوید الرحمن، ملک عرفان علی، جہانزیب امجد، امتیاز احمد، وسیم خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء پاکستان کی دفاعی تاریخ کا ایک روشن اور قابلِ فخر باب ہے، جس نے قوم کے عزم، اتحاد اور وطن سے محبت کی مثال قائم کی۔