امریکا میں زیرِ التوا گرین کارڈ کیسز پر کارروائی بحال کرنے کی ہدایت
نیویارک (نیوزڈیسک)امریکا میں ڈائیورسٹی ویزا پروگرام سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ فار دی ناردرن ڈسٹرکٹ آف کیلیفورنیا نے حکم جاری کرتے ہوئے یو ایس سی آئی ایس کی اس پالیسی کو عارضی طور پر ختم کردیا جس کے تحت ڈائیورسٹی ویزا پروگرام کے تحت گرین کارڈ کی درخواستوں پر ہولڈ عائد کیا گیا ۔
عدالت نے یو ایس سی آئی ایس کو ہدایت کی ہے کہ مالی سال 2026 کے ڈائیورسٹی ویزا پروگرام کے باقی عرصے میں، جہاں ممکن ہو، زیرِ التوا” ایڈجسٹمنٹ آف اسٹیٹس” درخواستوں پر معمول کے مطابق کارروائی دوبارہ شروع کی جائے اور مذکورہ ہولڈ پالیسی کا اطلاق نہ کیا جائے۔عدالت نے اس کیس میں کلاس سرٹیفیکیشن کی درخواست بھی جزوی طور پر منظور کی ہے۔
اس کے تحت مالی سال 2026 کے وہ تمام ڈائیورسٹی ویزا سلیکٹیز اور ان کے اہل ڈیریویٹو بینیفیشریز شامل ہیں جو یو ایس سی آئی ایس کے ڈائیورسٹی ویزا ہولڈ سے متاثر ہوئے ہیں۔ یو ایس سی آئی ایس کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائی گئی تھی۔
تاہم یو ایس سی آئی ایس نے عدالت کے فیصلے سے شدید اختلاف کا اظہار کیا ہے، لیکن مزید عدالتی کارروائی یا نظرثانی تک عدالت کے حکم پر عمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔اہم بات یہ ہے کہ یہ حکم ڈائیورسٹی ویزا پروگرام ختم نہیں کرتا، بلکہ متاثرہ ایف وائے2026 درخواستوں پر عائد یو ایس سی آئی ایس ہولڈ پالیسی کے نفاذ کو عارضی طور پر روکتا ہے۔