امریکا میں 13 بلین ڈالر کے ہیلتھ کیئر فراڈ سے حاصل رقم بیرونِ ملک منتقل کرنے کے الزام میں جارجیا کے 33 سالہ شہری ایرکلے گوگاوا پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق گوگاوا فروری سے جولائی 2025 کے دوران پنسلوانیا میں قائم طبی آلات فراہم کرنے والی کمپنی کا مبینہ مالک تھا، جس نے صرف 5 ماہ میں میڈی کیئر اور دیگر انشورنس کمپنیوں کو 13 بلین ڈالر سے زائد کے جعلی دعوے جمع کرائے۔حکام کے مطابق انشورنس اداروں نے کمپنی کو تقریباً 6.5 ملین ڈالر ادا کیے، جنہیں گوگاوا نے مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے وصول کرنے کے بعد بیرونِ ملک اکاؤنٹس میں منتقل کیا۔ مبینہ فراڈ میں امریکا بھر کے شہریوں، خصوصاً بزرگ اور معذور افراد کی چوری شدہ شناختیں بھی استعمال کی گئیں۔محکمہ انصاف کے مطابق ملزم پر منی لانڈرنگ کی سازش کی ایک دفعہ عائد کی گئی ہے اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں اسے زیادہ سے زیادہ 20 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ فردِ جرم محض الزام ہے اور عدالت سے جرم ثابت ہونے تک ملزم بے گناہ تصور کیا جائے گا۔