نیویارک کے میئر زوہران ممدانی اور پولیس حکام نے بروکلین میں ہونے والے جے اوورٹ پریڈ اور ویسٹ انڈین ڈے کارنیول سے قبل سیکیورٹی سخت کرنے کا اعلان کردیا۔
گزشتہ سال اسی وقت کے بعد پرتشدد واقعات پیش آئے تھے۔ جے اوورٹ صبح 6 سے 11 بجے جبکہ ویسٹ انڈین ڈے کارنیول صبح 11 سے شام تک جاری رہے گا۔حکام کے مطابق پریڈ کے راستے میں داخلے کے لیے 13 مقامات مقرر کیے گئے ہیں، جہاں شرکا کی تلاشی لی جائے گی۔ ہتھیار، ڈرون، شراب، بڑی جھنڈیاں، بیگ، سائیکل، اسکوٹر اور دیگر مخصوص اشیا لانے پر پابندی ہوگی۔میئر ممدانی کے مطابق 300 سے زائد ہنگامی امدادی اہلکار اور کمیونٹی سیفٹی رضاکار پریڈ کے راستے کے حساس مقامات پر تعینات کیے گئے ہیں، جو تنازعات کو بڑھنے سے روکنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مدد کریں گے۔پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے کہا ہے کہ رواں برس تشدد کے خلاف ’’زیرو ٹالرنس‘‘ پالیسی ہوگی، جبکہ پولیس کے ساتھ فضائی، گھڑ سوار، بم ڈسپوزل اور انسدادِ دہشت گردی یونٹس بھی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔