نیویارک میں اے پی پیک نے پاکستانی ہیریٹیج نائٹ کو بھرپور انداز میں منایا
نیویارک میں اےپی پیک نے پاکستانی ہیریٹیج نائٹ کو بھرپور انداز میں منایا۔ حال ہی میں ترقی پا نے والے دوسرے پاکستانی نژاد ا نسپکٹر جہانگیر اشرف سمیت دیگر افسران اور کمیونٹی لیڈرز کو ایوارڈز سے نوازا گیا، معروف گلوکار شیرازاوپل نے اپنی گائیکی سے محفل کی رونق دوبالا کردی۔
امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کے زیر اہتمام نیویارک میں پولیس افسران، سول سروسز ااور کمیونٹی لیڈرز کی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ پاکستانی ثقافتی ورثہ کی منعقدہ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک ، نعت رسول مقبول اور مناجات سے کیا گیا۔تقریب میں اے پی پیک کے چیئر مین ڈاکٹر اعجاز احمد سمیت تنظیمی لیڈر شپ اور مختلف شعبہ جات سے وابستہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی نمایاں شخصیات شریک ہوئی ، ہیریٹیج نائٹ کے چیف آرگنائزر مرزا خاور بیگ نےنیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ میں پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا اور حال ہی میں ترقی پانے والے دوسرے پاکستانی نژادانسپکٹر جہانگیر اشرف کو کمیونٹی کے لیے فخر اور نوجوانوں کے لیے مثالی قرار دیا۔اس موقع پر ڈاکٹر ہادی نے اے پی پیک کے قیام کے ا غراض و مقاصد بیان کیے اور حاضرین کو بتایا کہ چیئر مین ڈاکٹر اعجاز احمد کی قیادت میں پوری تنظیم پاکستانی امریکیوں کی مقامی سیاست میں شمولیت اور فروغ کے لیے گامزن ہے۔تقریب میں شریک این وائے پی ڈی میں شامل پہلے پاکستانی نژاد انسپکٹر عدیل رانا،پانچ ڈپٹی انسپکٹر اور چار کیپٹن کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔شرکا سے خطاب میں انسپکٹر عدیل رانا اور مہمانِ خصوصی انسپکٹر جہانگیر اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ سول سروسز ، پبلک سیفٹی ، مقامی سیاست اور پولیس میں شمولیت کے لیے کوشش کریں۔اس موقع پر نیویارک پولیس کی مسلم آفیسر سوسائٹی کے صدر ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر نے اے پی پیک کے چیئر مین ڈاکٹر اعجاز احمد کی کمیونٹی سروسز کی ستائش کی، ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اعجاز نے اپنی زندگی میں بہت اتار چڑھاو دیکھے، لیکن محنت و لگن کے ساتھ جدوجہد جاری رکھی اور اسی بدولت منفرد مقام حاصل کیا۔ہیریٹج نائٹ کے شرکا سے خطاب میں میئر نیویارک کی ایڈوائزری کمیٹی کے چیئر علی نجمی کا کہنا تھا کہ پاکستانی امریکی بہت قابل ہیں، مجھے اُمید ہے کہ شہر کے عدالتی نظام میں پاکستانی کمیونٹی سے مزید جج شامل ہوں گے۔اس موقع پراے پی پیک کے چیئر مین ڈاکٹر اعجاز احمد ، صدر ڈاکٹر پرویز اقبال اور چیف آرگنائزر خاور بیگ نے نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ، سول سروسز اور دیگر شعبوں میں تعینات پاکستانی نژاد افسران کو ایوارڈز دیے۔ہیریٹج نائٹ میں شہری حکومت کے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں چیف بائیو پری پیڈنیس آفیسر ڈاکٹر سائرہ مدد،چیف انفارمیشن آفیسر رضوان مرزا،ایف ڈی این وائے میں ڈویژن چیف فاروق محمد اور دیگر کی خدمات کو سراہا گیا۔ اس موقع پر اے پی پیک کے بورڈ ممبر اسد چودھری اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔ہیریٹج نائٹ کے اختتام پر خاور بیگ نے شرکا کو 23 اگست کو منعقد ہونے والی پاکستان ڈے پریڈ میں شرکت کی دعوت دی۔اس موقع پر معروف گلوکار شیراز اوپل نے اپنی آواز کا جادو جگا کر محفل کی رونق کو چار چاند لگادیے۔