امریکا میں آنتوں کے مرض سائیکلوسپوریاسس کے کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ بیماری کے پھیلاؤ کی اصل وجوہات کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔
امریکی سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (CDC) کے مطابق ملک کی 41 ریاستوں میں اب تک 11 ہزار 500 سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، جن میں تقریباً 4 ہزار 100 کی لیبارٹری سے تصدیق ہو چکی ہے۔سی ڈی سی کے مطابق پانچ ریاستوں میں ٹاکو بیل کے ریسٹورنٹس میں استعمال ہونے والی کٹی ہوئی آئس برگ کو بیماری کے ایک بڑے پھیلاؤ سے جوڑا گیا ہے، جس کے بعد متعلقہ کمپنی نے رضاکارانہ طور پر تمام متاثرہ لیٹس واپس منگوا لی ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ تمام کیسز صرف اسی سے منسلک نہیں ہو سکتے، کیونکہ متعدد دیگر ریاستوں میں بھی بڑی تعداد میں مریض سامنے آئے ہیں، جہاں بیماری کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی۔صحت کے ماہرین کے مطابق بیماری کی علامات ظاہر ہونے میں کئی دن لگ سکتے ہیں، جس کی وجہ سے مریضوں کے لیے یہ یاد رکھنا مشکل ہو جاتا ہے کہ انہوں نے آلودہ خوراک کب استعمال کی تھی، اسی لیے بیماری کے اصل ذرائع کا سراغ لگانے میں وقت لگ رہا ہے۔