اسرائیلی وزیر دفاع اور فوج کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے اسرائیل کو نشانہ بنایا تو کسی شرط کے بغیر فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی جائے گی، یہ بیان ایران کے اردن کے شہر عقبہ کی جانب میزائل حملوں کے بعد سامنے آیا۔
اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا کہ اگر ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیل بھرپور کارروائی کرے گا جبکہ آئی ڈی ایف کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ایال زمیر نے کہا کہ فوج فوری طور پر جنگی کارروائیاں دوبارہ شروع کرنے کے لیے مکمل تیار ہے۔اتوار کو ایران نے اردن کے شہر عقبہ کی جانب میزائل داغے جو اسرائیلی حدود کے قریب واقع ہے۔ اردن نے تین میزائل فضا میں تباہ کیے اور چوتھا دور افتادہ علاقے میں گرا جبکہ اسرائیلی فضائی دفاعی نظام نے بھی بعض میزائل روکنے میں حصہ لیا۔ سی این این کے مطابق دو اسرائیلی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نہیں چاہتی کہ اسرائیل موجودہ لڑائی میں براہِ راست شامل ہو تاہم ایک امریکی عہدیدار نے اس تاثر کو مسترد کیا۔ واضح رہے کہ جنگ بندی کے بعد ایران نے اسرائیل کو براہِ راست نشانہ نہیں بنایا تاہم خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر متعدد حملے کیے ہیں۔ امریکا نے ہفتے کو اسرائیل میں ایندھن فراہم کرنے والے فوجی طیاروں کے بیڑے میں بھی اضافہ کیا ہے۔