اقوام متحدہ کی یو این ویمن نے 18 سے 30 سال عمر کے نوجوانوں، خصوصاً خواتین اور لڑکیوں، کے لیے ینگ فیمنسٹ اے آئی اسکول 2026کے تحت مفت آن لائن تربیتی پروگرام کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
یہ 12 ہفتوں پر مشتمل آن لائن پروگرام اگست سے اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا، جس میں شرکاء کو مصنوعی ذہانت کو سماجی تبدیلی، انسانی حقوق، عوامی شمولیت، پالیسی سازی اور مؤثر وکالت کے لیے استعمال کرنے کی عملی تربیت دی جائے گی۔پروگرام میں شرکت کے لیے کسی قسم کی پروگرامنگ یا کوڈنگ کا تجربہ ضروری نہیں، جبکہ شرکاء کو ہفتہ وار تقریباً چار گھنٹے آن لائن سیکھنے کی ضرورت ہوگی۔ تربیت کے اختتام پر ہر شریک کو مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک عملی منصوبہ، جیسے آگاہی مہم، پالیسی ٹول یا کمیونٹی ایکشن پلان، تیار کرنا ہوگا۔منتخب امیدواروں کو عالمی سطح پر نوجوان رہنماؤں کے نیٹ ورک سے جڑنے، AI کے استعمال اور ڈیجیٹل مہارتوں کو فروغ دینے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔اس پروگرام کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے۔