نیویارک سٹی کے میئر زوہران کوامے ممدانی نے جنوبی برونکس میں 255 ملین ڈالر مالیت کے ریور کامنز منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، جس کے تحت 328 سستے اور معاون رہائشی یونٹس تعمیر کیے جائیں گے۔
نیویارک سٹی میئر آفس کی ویب سائٹ پر جاری خبر کے مطابق ان میں 229 گھر کم آمدنی والے شہریوں جبکہ 98 اپارٹمنٹس بے گھر مریضوں کے لیے مختص ہوں گے جو نیویارک سٹی ہیلتھ اینڈ ہاسپٹلز کے پروگرام سے وابستہ ہیں۔منصوبے کے تحت جدید طبی مرکز، کمیونٹی اسپیس، عوامی سبزہ زار، فٹنس سینٹر، بچوں کے لیے کھیل کا کمرہ اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ برونکس ورکس رہائشیوں کو سماجی، صحت اور روزگار سے متعلق خدمات فراہم کرے گا۔میئر ممدانی نے کہا کہ یہ منصوبہ سستی رہائش، صحت کی سہولیات اور کمیونٹی سروسز کو ایک ہی جگہ فراہم کرکے شہریوں کو بہتر اور محفوظ مستقبل دینے کی جانب اہم قدم ہے۔ حکام کے مطابق منصوبہ 2027 میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔