نیویارک: عمارت میں آتشزدگی، 150 سے زائد رہائشی بے گھر
ناساؤ کاؤنٹی(ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے ناساؤ کاؤنٹی میں ایک تین منزلہ عمارت میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 150 سے زائد رہائشی بے گھر ہوگئے۔
امریکی خبررساں ادارے اے بی سی کے مطابق، آگ ناساؤ کاؤنٹی کے علاقے بالڈون میں صبح تقریباً 11 بج کر 30 منٹ پر میرک روڈ پر واقع 46 یونٹس پر مشتمل عمارت کی بالائی منزل پر لگی، جس کے نتیجے میں 150 سے زائد رہائشی بے گھر ہوگئے۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ بجھانے کے لیے فری پورٹ اور لانگ بیچ سمیت ناساؤ کاؤنٹی کی 34 مختلف کمپنیز سے 100 سے زائد فائر فائٹرز تعینات کیے گئے۔ گرمی کے باعث کئی فائر فائٹرز ہیٹ ایکزاسشن کا شکار ہوئے جبکہ ایک پولیس افسر کو دھوئیں کے اثرات سے متاثر ہونے پر طبی امداد دی گئی۔ حکام کے مطابق آگ کے باعث عمارت کی چھت کا کچھ حصہ گر گیا، جس کے بعد اسے ناقابل رہائش قرار دے دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں آگ کی وجہ بجلی کی خرابی بتائی گئی ہے لیکن واقعہ کو مشتبہ قرار نہیں دیا گیا۔ ریڈ کراس متاثرہ رہائشیوں کو امداد فراہم کر رہا ہے۔ متاثرہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ سب کچھ کھو چکے ہیں اور ان کے لیے فوری رہائش اور مدد کی ضرورت ہے۔ فائر مارشلز کی آتشزدگی اسکواڈ نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔