vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک: مڈٹاؤن ساؤتھ میں 9,700 نئے یونٹس کی منظوری

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور سٹی پلاننگ کمیشن کے چیئر ڈین گیروڈنک نے مڈٹاؤن ساؤتھ مکسڈ یوز (MSMX) پلان کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت 42 بلاکس میں تقریباً 9,700 نئے رہائشی یونٹس کی تعمیر کی جائے گی۔

میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، اس منصوبے کے تحت مڈٹاؤن ساؤتھ کے 42 بلاکس میں تقریباً 9,700 نئے رہائشی یونٹس کی تعمیر کی جائے گی، جن میں سے 2,900 یونٹس مستقل طور پر کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے مختص ہوں گے۔ یہ علاقہ جو اب تک صنعتی زوننگ کی وجہ سے رہائش کے لیے محدود تھا، اب ہاؤسنگ، کمرشل اور صنعتی سرگرمیوں کے لیے کھولا جا رہا ہے۔ MSMX منصوبہ میئر ایڈمز کے "مین ہیٹن پلان” کا اہم حصہ ہے جس کا ہدف اگلے دس سالوں میں مین ہٹن میں 100,000 نئے گھر بنانا ہے۔ منصوبے کے تحت نہ صرف رہائش بلکہ عوامی مقامات، کھلی جگہوں اور بنیادی ڈھانچے میں بہتری کے لیے سرمایہ کاری کی جائے گی۔ منصوبے میں نئی زونیگ کے ذریعے رہائش بڑھانے کی اجازت دی گئی ہے۔ MSMX پلان 23ویں سے 40ویں اسٹریٹ اور 5ویں سے 8ویں ایونیو تک کے علاقے پر مشتمل ہے جو کئی دہائیوں سے صنعتی زوننگ کی پابندیوں کی وجہ سے ترقی سے محروم تھا۔ ماہرین اور شہری رہنماؤں نے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے، جو شہر میں رہائش کے بحران سے نمٹنے اور مڈٹاؤن ساؤتھ کو ایک 24/7 متحرک، مخلوط نوعیت کے رہائشی، تجارتی اور صنعتی مرکز میں بدلنے کی راہ ہموار کرے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.