نیو جرسی گورنر کی امیدوار کی انتخابی مہم کے دوران مغرب کی اذان
نیو جرسی کی گورنر کے لئے ڈیموکریٹک امیدوار مائیکی شیرل کے اعزاز میں مسلم تنظیموں کے زیر اہتمام نیو جرسی کے مقامی ریسٹورانٹ میں میٹ اینڈ گریٹ کا انعقاد کیا گیا۔ اس باوقار تقریب کا مقصد مائیکی شیرل کی انتخابی مہم کی حمایت اور کمیونٹی سے ان کے رابطے کو مضبوط کرنا تھا۔
نیو جرسی کے مقامی ریسٹورنٹ میں منعقدہ تقریب کا اہتمام امریکن مسلمز فار ڈیموکریسی ایڈووکیٹس،وائسز آف نیو جرسی،اور نیو جرسی مسلم ایکشن الائنس نے کیا۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔نیو جرسی میں گورنر کے لئے ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار مائیکی شیرل کا تعارف کرواتے ہوئے ڈاکٹر زبیر کا کہنا تھا کہ مائیکی شیریل نے نیوی میں خدمات انجام دیں، عربی سیکھی، جارج ٹاؤن سے تعلیم حاصل کی، اور نیو جرسی میں وفاقی پراسیکیوٹر بنیں۔ پھر سیاست میں آئیں، ایک ریپبلکن حلقہ جیت کر ڈیموکریٹک بنا دیا، اور زبردست کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ آج جب ہماری کمیونٹی، تعلیم اور صحت کے شعبے نظر انداز ہو رہے ہیں تو ہمیں ایک مضبوط، باصلاحیت لیڈر کی ضرورت ہے۔
شرکاء سے مخاطب ہوتے امیدوار مائیکی شیرل کا کہنا تھا کہ جیک سیٹیریلی ٹرمپ کی حمایت حاصل کرنے میں تو تیزی دکھاتے ہیں، لیکن میڈیکیئر، میڈیکیڈ، سوشل سیکیورٹی، یا تعلیم کی فنڈنگ میں کٹوتیوں پر خاموش ہیں۔ حتیٰ کہ انہوں نے کہا کہ وہ ان کٹوتیوں کے خلاف اپنے اٹارنی جنرل کو استعمال نہیں کریں گے۔مائیکی شیرل نے کہا کہ یہ قیادت نہیں ہے، اور نہ ہی وہ ہمارے لیے درست انتخاب ہیں۔اسی لیے میں الیکشن لڑ رہی ہوں تاکہ آپ سب کے لئے بہتر مستقبل، مواقع، اور تحفظ یقینی بنا سکوں۔
منتظمین کی جانب سے حنان ارشد نے ایڈیسن ٹاؤن کے مئیر سیم جوشی کا تعارف کروایا۔اس موقع پر نیو جرسی کے ٹاؤن ایڈیسن کے مئیر سیم جوشی نےمائیکی شیرل کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کون سا گورنر ہماری تمام کمیونٹیز کو ایک ساتھ جوڑ کر رکھے گا اور سب کی خدمت کرے گا؟ میں فخر سے کہتا ہوں کہ تمام امیدواروں میں سے کوئی بھی امیدوار، مائیکی شیریل سے زیادہ اہل نہیں ہے، اور وہی وہ شخصیت ہیں جو یہ ذمہ داری سب سے بہتر انداز میں نبھائیں گی۔
تقریب میں چیئرمین ڈیموکریٹک پارٹی آف میڈل سیکس کاؤنٹی کیون مکین نے خصوصی شرکت کی جنہوں نے مائیکی شیرل کی قیادت اور وژن کی تعریف کی۔تقریب میں موجود دیگر آفیشلز نے مائیکی شیرل کو ایک مضبوط اور پُرعزم رہنما قرار دیا جو ریاست نیو جرسی کے لیے بہترین انتخاب ہو سکتی ہیں۔
بعد ازاں شرکاء نے مائیکی شیرل سے مختلف سوالات بھی کئے جن کے انہوں نے تفصیلی جوابات دئیے۔تقریب کے دوران جب نماز مغرب کا وقت ہوا تو پروگرام کو احتراماً روکا گیا، اذان دی گئی، اور باجماعت نماز مغرب ادا کی گئی۔تقریب میں مسلم برادری کے سرکردہ افراد، مقامی رہنماؤں اور کمیونٹی ایکٹیوسٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔