پاک بھارت کشیدگی، امریکا کا غیر جانبدار رہنے کا اعلان
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کہتے ہیں بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم ہونی چاہیے، پاک بھارت جنگ ایٹمی جنگ نہیں بننی چاہیے تاہم اگر دونوں ملکوں کے درمیان جنگ چھڑتی ہے تو یہ امریکہ کا معاملہ نہیں ہوگا۔
امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایسی جنگ میں مداخلت نہیں کرے گا، جس سے اس کا کوئی سروکار نہیں۔امریکی نائب صدر نے کہا کہ بھارت نے حملہ کیا، پاکستان نے جواب دیا، دونوں ممالک کو ٹھنڈے دماغ سے سوچنا چاہیے، پاک بھارت جنگ ایٹمی جنگ نہیں بننی چاہیے، اگرایسا ہوا توبہت نقصان ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاک بھارت تنازع کو جلد حل ہونا چاہیے، امریکا کو پاک بھارت تنازع پر تشویش ہے، فی الحال ایسا لگ نہیں رہا کہ پاک بھارت جنگ ایٹمی جنگ میں تبدیل ہو گی۔نائب امریکی صدر نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کی جنگ میں مداخلت نہیں کر سکتے، البتہ امریکا سفارتکاری کا راستہ اختیار کرسکتا ہے۔اس سے قبل جمعرات کو وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے رابطہ کیا تھا۔