عمران خان سنجیدگی سے مذاکرات چاہتے ہیں، عارف علوی
پاکستان تحریک انصاف نیو جرسی کے سینئر رہنما نوید وڑائچ کی رہائش گاہ پر سابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور انکی اہلیہ کے اعزاز میں ظہرانے کا شانداراہتمام کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف نیو جرسی کے سینئر رہنما نوید وڑائچ کی رہائش گاہ پر سابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے اعزاز میں ایک پرتپاک ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب پارٹی وابستگان اور کارکنان کے لیے ایک اہم موقع کی حیثیت رکھتی تھی، جس میں مختلف امریکی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کا آغاز روح پرور تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد شرکاء نے احترام کے ساتھ پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا۔
پی ٹی آئی کے واشنگٹن، ورجینیا، نیویارک، اور دیگر ریاستوں سے آئے ہوئے رہنماؤں نے اس موقع پر نہ صرف ایک دوسرے سے ملاقات کی بلکہ ملکی سیاسی صورت حال، جماعتی امور اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلۂ خیال بھی کیا۔تقریب کے میزبان نوید وڑائچ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اپنی رہائش گاہ پر تشریف لانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی جیسے قومی رہنماؤں کی موجودگی کارکنان کے لیے نہایت حوصلہ افزا ہے۔
شرکاء سےگفتگو میں سابق صدر عارف علوی کا کہنا تھا مذاکرات کے زریعے پی ٹی آئی کی سیاسی صورتحال میں بہتری ممکن ہے،عمران خان سنجیدگی سے مذاکرات چاہتے ہیں،ایک سوال کے جواب میں عارف علوی نے کہا کہ سوشل میڈیا آزاد ہوجائے تو تبدیلی آجائے گی۔
تقریب کے شرکاء نے کھل کر اظہارِ خیال کیا اور ڈاکٹر عارف علوی کے سامنے اپنے سوالات اور تجاویز رکھیں۔ تقریب کے آخر میں سوال و جواب کا سیشن رکھا گیا جس میں سابق صدر نے نہایت مدلل انداز میں تمام سوالات کے جوابات دیے۔ بعدازاں مہمانوں کی مختلف اقسام کے کھانوں سے تواضع کی گئی۔