vosa.tv
Voice of South Asia!

ایڈمز کا 43 ملین ڈالر کا منصوبہ، خواتین کی حفاظت اور مساوات پر توجہ

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے شہر میں صنفی مساوات کو فروغ دینے کے اقدامات کی پیشرفت کا اعلان کرتے ہوئے ویمن فارورڈ این ایکشن پلان فار جینڈر ایکویٹی کے تحت 43 ملین ڈالر کے منصوبے کو وسعت دینے کا عندیہ دیا ہے۔

میئر ایڈمز کے مطابق، اس اقدام کے تحت 30 نئے پروگرام متعارف کروائے جائیں گے، جن کا محور کمیونٹی سیفٹی، گھریلو تحفظ، رہائشی استحکام، صحت اور مالی استحکام ہوگا۔ انہوں نے کہا منصوبے کے پہلے مرحلے میں 43 تجاویز پر کام مکمل یا شروع کیا جا چکا ہے، جس سے تین لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے ہیں۔ 2025 میں مزید 19 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، جسے سرکاری فنڈنگ، نجی شراکت داری اور تعلیمی اداروں کے تعاون سے حاصل کیا جائے گا۔ ایل جی بی ٹی کیو اور نوجوانوں کے تحفظ کے لیے خصوصی پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے، جبکہ گھریلو تشدد کے متاثرین کے لیے مربوط حکمت عملی تشکیل دی جا رہی ہے، جس میں اسپتالوں، پراسیکیوٹرز اور ایمرجنسی رسپانس ٹیمز کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ میئر نے کہا صحت کے شعبے میں مٹرنل ہوم کولیبریٹو کے تحت حاملہ خواتین کے لیے طبی سہولیات، مشاورت اور سماجی مدد کی فراہمی کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔ اسقاط حمل کی خدمات میں وسعت دی گئی ہے، جبکہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے لیے مفت ماہواری کی مصنوعات فراہم کرنے کے پروگرام کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے۔ مالی استحکام کے حوالے سے بینکوں اور مالیاتی اداروں کو خواتین کے خلاف مالی بدسلوکی کی نشاندہی کے لیے تربیت دی جائے گی، جبکہ گھریلو تشدد کے متاثرین کے لیے خاندانی انصاف مراکز میں مالیاتی تعلیم کے پروگرام بحال کیے جا رہے ہیں۔ میئر ایڈمز کے مطابق، یہ اقدام نیویارک میں صنفی مساوات کو فروغ دینے اور خواتین، لڑکیوں اور صنفی متنوع افراد کے لیے ایک محفوظ اور مستحکم ماحول کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.