غزہ کے بے گھر فلسطینیوں کی آبادکاری، امریکا اور اسرائیل کے افریقی ممالک سے روابط
امریکا اور اسرائیل نے غزہ سے ممکنہ طور پر بے دخل کیے جانے والے فلسطینیوں کی آبادکاری کے لیے افریقی ممالک سے رابطہ کرلیا۔
حالیہ رپورٹس کے مطابق غزہ سے فلسطینی مسلمانوں کو بے دخل کرنے کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع منصوبے کے تحت امریکا اور اسرائیل نے بے دخل کیے جانےو الے فلسطینی مسلمانوں کی آبادکاری کے لیے تین افریقی ممالک سوڈان، صومالیہ اور صومالی لینڈ سے رابطہ کیا ہے۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ غزہ کو خالی کروائیں گے اور20 لاکھ فلسطینیوں کو کہیں اوربسائیں گے، جبکہ غزہ کو ایک ریئل اسٹیٹ منصوبے میں تبدیل کردیا جائے گا۔ ٹرمپ کے اس متنازع منصوبے پرعرب ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے کڑی تنقید کی گئی مگر امریکا اور اسرائیل بظاہر اس منصوبے پر عمل درآمد پر مُصر نظر آرہے ہیں۔ امریکی اور اسرائیلی حکام نے عالمی میڈیا کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی ہے کہ اس سلسلے میں صوڈان، صومالیہ اور صومالی لینڈ سے بات چیت جاری ہے لیکن وہ یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ مذاکرات میں کتنی پیشرفت ہوچکی ہے۔