نیویارک سٹی کی آبادی میں 87 ہزار افراد کا اضافہ
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے 2024 کی نئی آبادیاتی رپورٹ کا خیرمقدم کیا، جس کے مطابق شہر کی آبادی میں 87 ہزار افراد کا اضافہ ہوا ہے۔
نئی مردم شماری رپورٹ کے مطابق، جولائی 2023 سے جولائی 2024 کے درمیان شہر میں 87,000 افراد کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مجموعی آبادی 8.47 ملین تک پہنچ گئی۔ ایڈمز نے کہا تمام پانچوں بورو میں آبادی میں اضافہ دیکھا گیا، جہاں مین ہٹن نے 1.7 فیصد شرح نمو کے ساتھ سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا۔ ماہرین اسے معیشت کی بحالی اور شہری سہولیات میں بہتری کی علامت قرار دے رہے ہیں۔ میئر ایرک ایڈمز نے ان اعداد و شمار کو نیویارک سٹی کی ترقی کی جانب مثبت اشارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں، جرائم کی شرح کم ہو رہی ہے، اور زیادہ سے زیادہ لوگ واپس آ رہے ہیں۔ محکمہ منصوبہ بندی کے مطابق، گزشتہ برس بھی شہر کی آبادی میں 35,000 افراد کا اضافہ ہوا تھا، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وبائی بحران کے بعد نیویارک ایک بار پھر بحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ ساتھ ہی شہر میں سیاحت بھی بحال ہو رہی ہے۔ 2024 میں 65 ملین سیاحوں نے نیویارک کا رخ کیا، جو 2023 کے مقابلے میں 3.5 فیصد زیادہ ہے۔ حکام کو توقع ہے کہ 2025 میں یہ تعداد وبائی مرض سے پہلے کی سطح سے تجاوز کر جائے گی۔ نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، 2025 کے ابتدائی دو ماہ میں شوٹنگ کے واقعات کی شرح گزشتہ 30 سال میں کم ترین سطح پر رہی، جبکہ سب وے جرائم میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ یہ پیش رفت نیویارک سٹی کی معیشت، عوامی تحفظ، اور معیار زندگی میں بہتری کی نشاندہی کرتی ہے، جسے ماہرین شہری ترقی کے لیے مثبت رجحان قرار دے رہے ہیں۔