میئر ایڈمز کا ڈاکٹر ہیزل این ڈیوکس کو خراج عقیدت پیش
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایریک ایڈمز نے شہری حقوق کی ممتاز رہنما ڈاکٹر ہیزل این ڈیوکس کی آخری رسومات میں شرکت کی اور ان کی سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
شہری حقوق کی ممتاز رہنما اور این اے اے سی پی نیویارک اسٹیٹ کانفرنس کی صدر ڈاکٹر ہیزل این ڈیوکس، 1 مارچ 2025 کو 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں تھیں۔ ایڈمز نےانکی آخری رسومات میں شرکت کی اور ان کی سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ میئر نے ڈاکٹر ہیزل ڈیوکس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نیویارک کی ایک اہم شخصیت تھیں، جو نیشنل ایسوسی ایشن فار دی ایڈوانسمنٹ آف کلرڈ پیپل(NAACP) کی قیادت کے ساتھ ساتھ شہری حقوق اور سماجی ترقی کے لیے سرگرم رہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر ڈیوکس مشکل وقت میں ثابت قدم رہنے والی شخصیت تھیں اور ہمیشہ دوسروں کی رہنمائی کرتی رہیں۔ میئر نے مزید کہا، وہ اس وقت ساتھ کھڑی رہتی تھیں جب سب پیچھے ہٹ جاتے تھے۔ ایڈمز نے ڈاکٹر ڈیوکس کی میراث کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا اثر ہمیشہ قائم رہے گا توانائی کبھی ختم نہیں ہوتی، یہ صرف تبدیل ہوتی ہے، اور ڈاکٹر ڈیوکس کی رہنمائی ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گی۔ اور کہا ڈاکٹر ہیزل این ڈیوکس کو ان کی سماجی خدمات اور کمیونٹی کی بہتری کے لیے کی گئی جدوجہد پر یاد رکھا جائے گا۔