vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا سے ملک بدر پاکستانی شہری کی تفصیلات جاری

0

امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے ملک بدر کیے جانے والے پاکستانی شہری سید رضوی کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

ایف بی آئی کے مطابق، سید رضوی کو امریکی انٹیلی جنس ذرائع نے قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا تھا، جس کے بعد انہیں واپس پاکستان بھیج دیا گیا۔ ایف بی آئی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی ایجنسیاں مل کر ایسے افراد کی شناخت اور بے دخلی کے لیے کام کر رہی ہیں، جو قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ امریکی امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) نے بھی ایک بیان میں تصدیق کی کہ 56 سالہ پاکستانی شہری سید رضوی کو امیگریشن اینڈ نیشنلٹی ایکٹ کے تحت امریکہ سے نکال دیا گیا۔ سید رضوی 2017 میں نیویارک کے راستے قانونی طور پر امریکہ داخل ہوئے تھے لیکن امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے ان کی رہائش غیر قانونی قرار دے دی گئی۔ انہیں 31 جنوری کو ڈلاس، ٹیکساس میں ایک معمول کی ٹریفک چیکنگ کے دوران گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ 24 جنوری کو امیگریشن جج نے انہیں ملک بدر کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ ایف بی آئی کے مطابق، امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم اور عوامی تحفظ کے لیے خطرہ سمجھے جانے والے افراد کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ یہ کاروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل نے عالمی دہشت گردوں کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو بھی امریکیوں کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہوگا، ہم اسے دنیا کے کسی بھی کونے میں ڈھونڈ نکالیں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.