سحور فیسٹول میں مسلم کمیونٹی کھنچی چلی آئی
نیویارک میں دسواں سالانہ سحور فیسٹول منعقد ہوا جس میں بیس ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ فیسٹول میں مسلم کمیونٹی نے تراویح پڑھی اور عید کی خریداری بھی کی، نماز، فجر کے بعد فیسٹول اختتام پذیر ہوا۔
دی حلال گائیڈ کے زیر اہتمام ناساؤ کمیونٹی کالج میں دسویں سحور فیسٹول میں سخت سردی کے باوجود بھی مسلم کمیونٹی کھنچی چلی آئی۔ ہزاروں کی تعداد میں نوجوان ، مرد و خواتین اوربچوں کی شرکت نے فیسٹول کی رونق کو چار چاند لگادیے۔حلال گائیڈ کے شریک بانی رضا دستگیر اور حماد شیخ کا کہنا تھا کہ ہر سال اس فیسٹو ل میں شرکاء کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ ہم یہی چاہتے ہیں کہ مسلم کمیونٹی کو بھرپور نمائندگی نظر آئے اور اسمال بزنس کو بھی سپورٹ حاصل ہو۔
فیسٹول میں دیدہ زیب مشرقی ملبوسات، جوتے، کھسے ، مختلف خوشبو سے مہکتے عطر کے اسٹالز سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔نیویارک میں متعین پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور پاکستانی کمیونٹی کی مختلف نمائندہ تنظیموں کے افراد بھی شریک ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے ایونٹ کو اس قدر منظم انداز میں منعقد کرنا آسان نہیں، شاید ہی ایسی کوئی دوسری مثال ہو۔
سحور فیسٹول میں کھانے پینے کی مختلف اشیاء کے فو ڈ کارٹس جہاں من پسند لذیذ پکوان سمیت چائے اور کافی نے ایونٹ کی رونق میں مزید اضافہ کیا ، فضاء میں بار بی کیو کی خوشبو مہکی تو منچلوں کا بھی دل للچایا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرا م سال میں صرف ایک بار نہیں بلکہ بار بار ہونے چاہیے۔
سحور فیسٹول میں مسلم لائٹس فیسٹول کے خوبصورت مناظر دیکھنے سے تعلق رکھتے تھے۔ برقی قمقموں سے اسلامی تاریخ ،مقدس مقامات کی شبیہ اور مختلف مسلم ممالک کی عکاسی کرتی روشنیوں نے ماحول پر سحر طاری کردیا۔ شرکاء نے حلال گائیڈ کے اس فیسٹول کو تاریخی اور کامیاب ترین قرار دیا۔