امریکی سیاستدان نے دیسی کمیونٹی کو افطار پر اکھٹا کرلیا
ناساو کاونٹی آفس آف ایشئن امریکنز افیئرز نے سالانہ افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔کاؤنٹی ایگزیکٹیو بروس بلیک مین نے مختلف شخصیات کو تعریفی اسناد پیش کیں۔
ناساو کاونٹی ایگزیکٹیو بروس بلیک مین اور آفس آف ایشئن امریکنز افیئرز کے زیر اہتمام ڈیوڈ میک سینٹر فار ٹریننگ اینڈ انٹیلی جنس میں منعقدہ افطار ڈنر کے آغاز پر امریکی قومی ترانہ پڑھا گیا جس پر پولیس کے چاک و چو بند دستوں نے سلامی دی اور مارچ کیا۔تقریب کی ابتداءتلاوتِ کلام ِپاک سے ہوئی اور نعتِ رسول مقبول ﷺ بھی پڑھی گئی۔
تقریب کی نظامت آفس آف ایشئن امریکنز افیئرز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عون نقوی کر رہے تھے جنھوں نے مہمانوں کی آمد پر انھیں خوش آمدید کہا او رخیر مقدم بھی کیا۔افطار ڈنر میں ساوتھ ایشئن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شریک تھی۔شرکاء سے خطاب میں ناساؤ کاونٹی ایگزیکٹیو بروس بلیک مین کا کہنا تھا کہ امریکا آکر جس نے بھی محنت کی اور ایمانداری سے کام کیا ہو ، کامیابی ضرور اس کے قدم چومتی ہے ۔
اس افطار ڈنر کی بدولت مختلف مذاہب کے ماننے والے افراد اور کمیونٹی کو ایک جگہ ایک ساتھ مل بیٹھنے کا موقع میسر آیا۔پاکستانی کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے سربراہان ، ممبران سمیت قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر معروف مذہبی اسکالر مفتی محمد فرحان اور الخوئی سینٹر کے امام شیخ فدہیل السیلانی نے رمضان المبار ک کی فضیلت و اہمیت پر روشنی ڈالی۔ شرکاء سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے تیس روز میں نظم و ضبط ، صبر و تحمل ، برداشت اور رواداری سکھانے کا پیغام ہے۔
افطار ڈنر کے شرکاء نے ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارا اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی کاوشوں پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر کاؤنٹی ایگزیکٹو بروس بلیک نے اپنے سینئر ایڈوائزر چودھری اکرم کو ان کی خدمات کے اعتراف میں میڈل سے نوازا۔تقریب کے اختتام سے قبل بروس بلیک میں ساوتھ ایشین کمیونٹی کی مختلف شخصیات کو بلا تفریق رنگ و نسل کے کمیونٹی سروسز کی خدمات پر سائٹیشن پیش کیں۔