اپنا نیوجرسی چیپٹر کا سالانہ گالا ڈنر،ایوارڈ تقسیم اور نصیبو لال کی شاندار پُرفارمنس
نیویارک(بیورو رپورٹ)امریکا میں پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم ایسو سی ایشن آف فزیشنز آف پاکستانی ڈیسینٹ آف نارتھ امریکا اپنا نیوجرسی چیپٹر کے زیرِ اہتمام آر ڈبلیو جیے یونیورسٹی ہاسپیٹل میں گالا ڈنر کی تاریخی تقریب منعقد ہوئی، جس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔گالا ڈنر میں اپنا کے اراکین اور ان کے فیملی ممبران نے کثیر کی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر روایتی طور پر امریکااور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔تقریب کے آغاز پر ڈاکٹر رضوانہ نے تمام مہمانوں اور شرکاٗ کو خوش آمدید کہا اور ان کی آمد پر خیر مقدم بھی کیا۔ان کا کہنا تھا کہ آج کی شام صرف ایک گالا ڈنر نہیں بلکہ اپنا نیوجرسی نے جو تعلیم،صحت اور کمیونٹی سروسز میں جو کامیابیاں حاصل کیں اس کا جشن بھی ہے۔اپنانیوجرسی چیپٹر کی صدر ڈاکٹر عرفانہ خان نے خطبہِ استقبالیہ دیا،اپنے پیشہ وارانہ کیئرئیر اور سال بھر کی تنظیمی کارکردگی کا بھی خلاصہ پیش کیا۔شرکاء سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں غیر مراعات یافتہ طبقے کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے فری کلینک اور مریضوں کو فوری اسپتال منتقلی کے لیے فری ایمبولینس پروگرام شروع کررہے ہیں جو جلد مکمل ہوکر فعال ہوجائے گا۔اس موقع پر ڈاکٹر عرفانہ خان نے اپنی کامیابیوں کو نہ صرف اپنا نیوجرسی کی پوری ٹیم بلکہ اپنے شوہر مدثر صفدر اور فیملی کے نام کیا۔اس موقع پر اپنا نیو جرسی کی پاسٹ پریذیڈنٹ ڈاکٹر سائرہ زبیر نے سال 2025 کے لئے منتخب کئے گئے نئے صدر ڈاکٹر محمود عالم کا تعارف پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر محمود عالم نے ہمیشہ مشکل حالات میں بلا تفریق انسانیت کی خدمت کی ہے ۔اپنا نیوجرسی کے نومنتخب صدر ڈاکٹر محمود عالم جو ماہرِ امراض ِ قلب بھی ہیں۔انھوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنا کا قیام ریاست مشی گن میں 47 سال قبل 1977 میں عمل آیا۔اس طویل سفر کو لفظوں بیان نہیں کیا جاسکتا۔سب کو کوشش کرنی چاہیے کہ وہ اپنے اپنے شعبے میں رہ کر انسانیت کی بہتری کے لیے جو ممکن ہو ضرور کریں۔تقریب میں نہ صرف پاکستانی ڈاکٹرز بلکہ سیاسی، سماجی،کاروباری شعبے سے وابستہ کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ماہر امراضِ قلب ڈاکٹر رمضان زوم کے ذریعے شریک ہوئے اور دل کے امراض اور فالج کے حملے کی وجوہات،بچاؤ اور علاج کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر اپنا نیوجرسی کے سینئر رہنماڈاکٹر زبیر نے اسٹیج سنبھالا۔شرکاء سے خطاب میں انھوں نے شعبہِ صحت میں طویل جدوجہد پر مبنی اپنے سفر پر روشنی ڈالی اور اپنا نیوجرسی کی صدر اور گالا ڈنر کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عرفانہ خان کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں پاکستانی ڈاکٹروں نے میڈیکل سائنس میں بہت نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔اپنا نیوجرسی چیپٹر کے زیر اہتمام سالانہ گالا ڈنر میں محمد ڈاکٹر زبیر نے امراضِ قلب کے مرکز آر ڈبلیو جے بارنبَس ہسپتال اور یونیورسٹی کے پریذیڈنٹ اینڈ چیف ایگزیکٹیو آفیسر مارک مینیگن، ایگزیکٹیو وائس پریذیڈنٹ بل آرنلڈ اور دیگر کا تعارف کروایا۔شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے آر ڈبلیو جے بارنبَس کے صدر اور سی ای او مارک مینیگن نے پاکستانی فزیشنز کی نیوجرسی میں خدمات کو سراہا۔ان کا کہنا تھا اپنا نیوجرسی اور اس کے پاکستانی ممبران ڈاکٹر نے مختلف ادوار اور مشکل صورتحال میں ہمیشہ دکھی انسانیت اور متاثرین کی آگے بڑھ کر مدد کی ہے۔اس موقع پر رابرٹ ووڈ جانسن یونیورسٹی ہاسپیٹل کے پریذیڈنٹ ایلن لی اور دیگر نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ انھوں نے اپنا نیوجرسی کی پوری ٹیم اور بورڈ آف ڈائریکٹر ز سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعثِ افتخارہے۔ان کا کہنا تھا کہ اپنا نیوجرسی اور آر ڈبلیو جے شعبہِ صحت میں مل کرکام کررہے ہیں اور اسی طرح آگے بڑھتے رہیں گے۔اپنا نیوجرسی نے میڈیکل سائنس میں نمایاں کارکردگی اور کمیونٹی سروسز پر کئی شخصیات کی خدمات کا اعتراف کیا اور انھیں ایوارڈز سے نوازا۔ایوارڈ وصول کرنے کے بعد مقررین نے حاضرین سے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈاکٹر صرف شعبہِ طب میں ہی نہیں بلکہ سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش ہیں،ہمیں چاہیے کہ اپنی ایمیگرینٹس کمیونٹی کے لیے بھی جوکچھ بھی ممکن ہو وہ ضرور کریں۔تقریب کے اختتام سے قبل ڈاکٹر رضوانہ خان نےگالا ڈنر اور میوزیکل ایوننگ کے انعقاد میں تعاون پر اپنے تمام اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اپنا نیوجرسی تعلیم،صحت اور کمیونٹی سروسز کے فروغ کے لیے اسی طرح تن دَہی سے کام کرتی رہے گی۔ایوارڈ کی تقسیم کے بعد میوزیکل نائٹ سجی جس کا سب کو بے چینی سے انتظار تھا۔ پاکستان کی معروف فوک گلوکارہ نصیبو لعل نے ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کے لازوال گیت اپنے آواز میں حاضرین کی سماعتوں کی نذر کیے۔نصیبو لعل نے حاضرین کی فرمائش پر کئی نغمے سنائے جس پر شرکاء جھوم اٹھے ۔