مالدار طبقہ متوسط طبقے کی فلاح وبہبود کے لیے آگے بڑھے، بانی ڈاکٹر امجد ثاقب
ریاض(نمائندہ خصوصی)اخوت فاونڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کا کہنا ہے کہ پاکستان سے غربت کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ مالدار طبقہ متوسط طبقے کی فلاح وبہبود کے لیے آگے بڑھے تاکہ بے بسی کی تصویر بنے غریب لوگوں کی زندگیوں کو تبدیل کیا جاسکے ۔سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان کلچرل گروپ کی جانب سے اخوت فاونڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کے کاروباری افراد سمیت دیگر مکاتب فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کی ۔اس موقعہ پر ڈاکٹر امجد ثاقب کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ملکر پاکستان سے غربت کے خاتمے کا عزم کرنا ہوگا اسکے لیے ضروری ہے کہ مخیر ادارے اور افراد آگے بڑھ کر لوگوں کی خدمت کرکے انہیں غربت سے نکال کر تابناک مستقبل کی جانب گامزن کریں ۔اخوت فاونڈیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اخوت کے پلیٹ فارم سے لاکھوں گھرانے قرضہ حسنہ کے ذریعے مستفید ہو رہے ہیں ۔ہم نے سود کے خلاف جہاد کیا اور یہ ہم سب پر فرض ہے کہ ہم اللہ اور رسولؐ کے احکامات کی روشنی میں مجبور اور بے سہارا لوگوں کے کام آئیں اور معاشرے میں پھیلی مجبوریوں میں کمی لاسکیں۔