میئر ایڈمز کا سٹی ہال اور میونسپل بلڈنگ نیلے رنگ میں جگمگانے کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے سٹی ہال اور میونسپل بلڈنگ الزائمر آگاہی کے مہینے کے موقع پر نیلے رنگ میں جگمگانے کا اعلان کیا ہے۔
ایرک ایڈمز کے مطابق اس اقدام کا مقصد الزائمر اور دیگر ڈیمینشیا امراض کے بارے میں شہر بھر میں شعور بیدار کرنا اور دماغی صحت پر توجہ دلانا ہے۔ الزائمر ایک ایسا دماغی مرض ہے جو یادداشت، زبان، اور دیگر دماغی صلاحیتوں کو متاثر کرتا ہے اور دنیا بھر میں لاکھوں افراد اور ان کے خاندانوں کے لیے مشکلات کا باعث ہے۔میئر ایڈمز نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف عوامی آگاہی میں اضافہ ہوتا ہے۔ بلکہ یہ متاثرہ افراد اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے حمایت اور ہمدردی کا پیغام بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الزائمر اور ڈیمینشیا جیسے امراض کی ابتدائی علامات کو پہچاننا اور بروقت تشخیص کے ذریعے علاج کا آغاز کرنا ممکنہ طور پر ان بیماریوں کے اثرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔