عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی ضمانت پر آزاد
اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے اور تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے دس، دس لاکھ کے دو ضمانتی مچلکے جمع کا حکم دیتے ہوئے رہائی کے بھی احکامات جاری کر دیئے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بشری بی بی کی ضمانت دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی جاتی ہے دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کہ برطانوی وزیراعظم بھی تحائف اپنے ساتھ گھر لے گیا ہے،سب نے اسےکہا تو کہتا ہے رولزکے مطابق لیا ہے،اُسے کہا گیا کہ رولز اپنی جگہ لیکن تمہارا قد کاٹھ بھی ہے۔عدالت نے پوچھا بشریٰ بی بی نے تحائف جمع نہیں کرائے توبانی پی ٹی آئی کوملزم کیوں بنایا گیا؟جس پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر عمیر مجید نے کہا پبلک آفس ہولڈر بانی پی ٹی آئی تھے۔عدالت نے کہا یہ تو جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی طرح کا کیس ہے،اُس کیس میں بھی شوہر کو بیوی کے کیے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیاتھا وکلا کے دلائل سننے کے بعد توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور کی۔۔ عدالت نے بشری بی بی کی ضمانت 10 لاکھ روپے کے مچلکوں پر کے عوض منظور کی۔