پاکستان کے اندرونی معاملات سے تعلق نہیں،ساتھ کھڑے ہیں،ٹام سوازی
امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے زیر اہتمام کانگریس امیدوار ٹام سوازی کے لیے میٹ اینڈ گریٹ کا انعقاد
نیویارک(بیورو رپورٹ)امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کے سربراہ اور کانگریس کے امیدوار ٹام سوازی نے پاکستان کے ساتھ اپنی حمایت کا بھرپور اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، ہم ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے زیر اہتمام امریکی کانگریس میں پاکستانی کاکس کے سربراہ اور کانگریس کے امیدوار ٹام سوازی کے لیے ایک خصوصی میٹ اینڈ گریٹ پروگرام منعقد کیا گیا۔ شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے سینیٹر ٹام سوازی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے سپورٹر ہیں،پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات سے ہمارا کوئی تعلق نہیں،ہم ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔اس موقع پر امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ کے روح رواں علی راشد کا کہنا تھا کہ ٹام کی قیادت کے ساتھ، ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ کاکس مثبت سمت میں جائے جو پاکستان کے مفاد کے لیے بہتر ہو، انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد مثبت مکالمہ اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ہم کمیونٹی کو باہر جا کر ووٹ دیں۔ علی راشد نے غزہ کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے غزہ میں سیز فائر کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ اس موقع پر کانگریس مین ٹام سوازی نے بھی غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر ختم ہونی چاہیئں اور وہاں کے عوام کو حقوق ملنے چاہئیں۔پروگرام میں نیویارک اسٹیٹ کے سینیٹر جان لو اور اسمبلی مین ڈیوڈ ویپرن بھی موجود تھے،جنہوں نے کانگریس مین ٹام سوازی کی بھرپور حمایت کی اور امریکن پاکستانی کمیونٹی سے درخواست کی کہ وہ ٹام سوازی کی انتخابی مہم میں ان کا ساتھ دیں۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ سوازی کے موقف اور پاکستان سے متعلق پالیسیوں کی حمایت کی جانی چاہیے۔پروگرام کے آخر میں سب نے مل کر سوازی اور پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔پروگرام میں موجود شرکاء نے ٹام سوازی کی حمایت میں بھرپور عزم کا اظہار کیا اور انہیں انتخابات میں کامیاب کروانے کے لیے اپنی حمایت کا وعدہ کیا۔