پاکستانی مصنف و ہدایتکار ممتاز حسین کو آرٹسٹ ان ریزیڈنس ایوارڈ سے نوازا گیا
نیویارک(بیورو رپورٹ)معروف پاکستانی مصنف اور ہدایتکار ممتاز حسین کو آرٹسٹ ان ریزیڈنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ایشیاء سوسائٹی نیویارک نے معروف پاکستانی فنکار ممتاز حسین کی تھیٹر اور ادب کے شعبے میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ایک تقریب سجائی،جہاں اورفنز انٹرنیشنل ورلڈ وائیڈ کے بانی جیم لوئس نے ممتاز حسین کو آرٹسٹ-ان-ریزیڈنس ایوارڈ سے نوازا۔تقریب میں نیو یارک اسٹیٹ اسمبلی کے معززین اور نمایاں کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی ۔شرکاء نے ممتاز حسین کو فنون لطیفہ کے ذریعے معاشرتی مسائل اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر جیم لوئس نے کہا کہ ممتاز حسین کا فن امید اور مستقل مزاجی کی عکاسی کرتا ہے اور ان کی سماجی انصاف کے لیے وابستگی ہمارے مشن کی آواز ہے۔انھوں نے ممتاز حسین کے کام سے متاثر ہوکر نے پاکستان میں اسکول قائم کرنے کا عہد کیا،جو تعلیم اور بااختیاری کو فروغ دے گا۔اس موقع پر ہدایتکار ممتاز حسین نے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوارڈ فن کی طاقت کو زندگیوں کو بدلنے کے طور پر تسلیم کرنے کی دلیل ہے۔اس ایوارڈ سے مجھے مزید آگے بڑھنے کا حوصلہ ملا ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ ممتاز حسین کی تخلیقی اظہار اور سماجی تبدیلی کی کوششوں نے گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔تقریب میں موسیقی کی محفل بھی سجی جس میں فنکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔