وزیراعظم شہباز شریف کی یورپی کمیشن کے صدر ارسلا وان ڈیر لیین سے ملاقات
نیویارک(ویب ڈیسک)وزیراعظم محمد شہبازشریف سے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر یورپی کمیشن کی صدر محترمہ ارسلا وان ڈیر لیین نے ملاقات کی۔ بات چیت میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ ءخیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے محترمہ ارسلا کو یورپی کمیشن کی دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور یورپی یونین کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے ان کے کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل بات چیت اور تعاون کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ جی ایس پی پلس اسکیم پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق بین الاقوامی کنونشنز کو مکمل طور پر نافذ کرنے کے لیے پر عزم ہے۔وزیر اعظم اور یورپی کمیشن کے صدر کے درمیان یہ ملاقات عالمی امور پر باہمی مفادات اور تعاون پر فعال روابط اور تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔