ایرک ایڈمز کا 260 ملین ڈالر کے وفاقی گرانٹس کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک)نیویارک میئر ایرک ایڈمز نے بروکلین میرین ٹرمینل اور ان ووڈ گرین وے کے لیے 260 ملین ڈالر کے وفاقی گرانٹس حاصل کرلیے ہیں۔نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کلائمٹ ویک کا آغاز کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کی انتظامیہ نے بائیڈن-ہیرس انتظامیہ سے مزید 260 ملین ڈالر کے گرانٹس حاصل کیے ہیں۔ یہ گرانٹس امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے جاری کیے ہیں، جو نیویارک سٹی میں اہم انفراسٹرکچر منصوبوں کی تعمیر میں کام میں آئیں گے، یہ فنڈز بروکلین میرین ٹرمینل کو جدید بنانے اور ان ووڈ گرین وے کی تعمیر کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ فنڈنگ کا اعلان کرتے ہوئے ایرک ایڈمز نے کہا کہ نیویارک سٹی کی کلائمٹ ویک کا آغاز کرنے کا اس سے بہتر طریقہ نہیں ہوسکتا تھا۔ وفاقی حکومت کی یہ سرمایہ کاری دراصل نسل در نسل سرمایہ کاری ہے۔ یہ تعمیراتی منصوبے شہر کی ترقی اور ٹرانسپورٹیشن کے نظام کو بہتر اور مزید پائیدار بنائیں گے۔ حالیہ فنڈنگ کو شامل کرکے ایڈمز انتظامیہ کی فیڈرل انفراسٹرکچر فنڈنگ ٹاسک فورس نے اب تک کل 2.37 بلین ڈالر کی فنڈنگ حاصل کی ہے۔