جیالوں نے نیویارک میں منائی بلاول بھٹو کی36ویں سالگرہ
نیویارک(بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس اے کے زیر اہتمام پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 36ویں تقریب سالگرہ بروکلین کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں منائی گئی۔تقریب میں پارٹی کے عہدیداروں،کارکنوں اور کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس اے کے زیر اہتمام نیو یارک کے علاقے بروکلین کے ایک مقامی ریسٹورنٹ میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 36ویں سالگرہ کی تقریب شاندار انداز میں منائی گئی۔ اس موقع پر پارٹی کے عہدیداروں، کارکنوں اور حامیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا بعد ازاں رسول ؐ کی شان میں گلہائے عقیدت بھی پیش کئے گئے۔تقریب کے مہمان خصوصی امتیاز پیرزادہ تھے جو اس تقریب کے لیے خصوصی طور پر ٹیکساس سے تشریف لائے۔ جبکہ پاکستان سے امریکہ کے دورے پر آئے ہوئے سینئر پارٹی رہنما جاوید اختر بھی بطور مہمان خصوصی تقریب میں شریک ہوئے۔انہوں نے اپنی تقریر میں بلاول بھٹو کی قیادت اور پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔پی پی پی امریکہ کے صدر خالد اعوان اور نیویارک کے صدر ظفر چٹھہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نہایت کم عمری میں سیاست میں قدم رکھا اور اپنی والدہ بینظیر بھٹو اور نانا ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے انتھک محنت کی۔ خواتین رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ نہ صرف ان کی ذاتی خوشی کا موقع ہے، بلکہ یہ دن پارٹی کے لیے ایک نئے عزم اور اتحاد کا مظہر بھی ہے۔ تقریب میں شریک دیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی بلاول کی جمہوری جدوجہد، عوامی حقوق کے دفاع اور پاکستان کے سیاسی منظرنامے میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔تقریب میں پارٹی کے دیگر نمایاں رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی شرکت کی، جنہوں نے بلاول بھٹو کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں شرکا نے بلاول بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور دعا کی کہ وہ ہمیشہ پاکستان کی خدمت کرتے رہیں۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے لیے نئے جوش اور ولولے کے ساتھ کام کرنے کا عہد کیا۔