پاکستان اوورسیز کمیونٹی نے ” پردیس میں پاکستان ” کے عنوان سے رنگارنگ تقریب سجائی
سعودی عرب(رپورٹ زکاء محسن)سعودی عرب میں پاکستان اوورسیز کمیونٹی نے ” پردیس میں پاکستان ” کے عنوان سے رنگارنگ تقریب سجائی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مردو خواتین اور بچے شریک تھے جبکہ نامور گلوکار ساحر علی بگا نے قومی نغمے سنا کر شرکاء کو جذبہ حب الوطنی سے سرشار کر دیا۔سعودی عرب کے شہر دمام میں پاکستانی اوورسیز کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ رنگارنگ ” پردیس میں پاکستان ” کی تقریب میں سفارت خانہ پاکستان کی منسٹر ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ ڈاکٹر شگفتہ زرین مہمان خصوصی تھیں جبکہ ویلفیئر اتاشی سہیل بابر وڑائچ بھی شریک تھے اسکے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کے مردوخواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی
اسٹیج پر بچوں نے مختلف ٹیبلوز پیش کیے جبکہ مقامی گلوکار سلیم رفیق اور پاکستان کے نامور گلوکار ساحر علی بگا کی لائیو پرفارمنس نے سماں باندھ دیا اور شرکاء قومی نغموں پر جہاں جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوئے وہیں جھومنے پر بھی مجبور ہوگئے۔سفارت خانہ پاکستان کی منسٹر ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ ڈاکٹر شگفتہ زرین کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سراہا اور کہا کہ لاکھوں پاکستانی جہاں زرمبادلہ کی شکل میں ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں وہیں پردیس میں پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں پاکستان اوورسیز کیمونٹی کے صدر فیصل احسان اور دیگر کا کہنا تھا کہ ہر سال ایسے ایونٹ کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ پردیس میں بسنے والے پاکستانی دیس کی ثقافت سے روشناس ہوسکیں اور وہ مزید جوش وخروش کے ساتھ وطن عزیز کی خدمت کا فریضہ انجام دے سکیں