نواسہِ رسول حضرت امام حَسن کا یومِ شہادت، گلوبل حسینی مشن کا ماتمی جلوس
نیویارک( نمائندہ )گلوبل حسینی مشن یو ایس اے کے زیر اہتمام حضرت امام حسن ؑ کی شہادت کے سلسلے میں نیویارک میں پانچواں سالانہ جلوس عزا برآمد کیا گیا۔ یہ جلوس جمیکا کوئنز کے علاقے سے شروع ہوا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا الخوئی فاؤنڈیشن پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کی برآمدگی سے پہلے مجلس عزا برپا کی گئی جس میں مولانا عشرت عباس نے خطاب کیا اور حضرت امام حسن ؑ کے فضائل و مصائب بیان کئے ۔عالم دین کا کہنا تھا کہ یہ جلوس اس لئے نکالا جاتا ہے تاکہ اہل اسلام کو یہ بتایا جا سکے کہ رسول خدا کے نواسے کو کیسے شہید کیا گیا۔دوران جلوس عزداران امام حسن نوحہ خوانی کرتے رہے اور سینہ کوبی کرتے ہوئے نواسہء رسول کو نذرانہء عقیدت پیش کیا۔جلوس کے اختتام پر مشہور نوحہ خواںشیر عباس سائیں نے اپنے خصوصی انداز میں مصائب حضرت امام حسن اور اہل بیت بیان کئے جس سے مومنین پر رقت طاری ہو گئی اور وہ زارو قطار رونے لگے۔جلوس کے اختتام پر عزاداروں کے لیے گلوبل حسینی مشن کی جانب سے لنگر حسینی کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا، اور مومنین میں وافر مقدار میں نیاز تقسیم کی گئی۔