کیلی فورنیا میں غیر قانونی تارکین وطن کو بھی گھر خریدنے کی سہولت مل گئی
ریاست کیلی فورنیا کی قانون ساز اسمبلی نے آئینی بل 1840 کثرت رائے سے منظور کرلیا۔ری پبلکن ارکان کی شدید تنقید۔ بل امریکی شہریوں کے کی حق تلفی قرار
لاس اینجلس( بیورو رپورٹ) امریکی ریاست کیلی فورنیا میں غیر قانونی تارکین وطن کو بھی گھر خریدنے کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔ کیلی فورنیا ریاست کے قانون سازوں نے ایک بل منظور کیا ہے جس کے تحت ریاست کیلی فورنیا میں گھر خریدنے کے لئے امیگریشن اسٹیٹس کی شرط ختم ہو جائے گی۔ کیلی فورنیا میں مقیم وہ لاکھوں افراد جن کے پاس امریکہ میں سکونت کی کوئی قانونی حیثیت (امیگریشن اسٹیٹس) نہیں ہے، وہ بھی اب گھر خریدنے کے اہل ہوں گے۔ اس کے علاوہ گھروں کی خریداری کے لئے انہیں مورگیج کی سہولت بھی میسر ہو گی۔ مذکورہ قانون کے تحت تمام مالیاتی ادارے اور مورگیج کمپنیاں ریاست کیلی فورنیا میں رہائشی ان لوگوں کو بھی فھروں کے لئے قرض فراہم کر سکیں گے جن کے پاس امریکہ میں سکونت کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ ریاست کیلی فورنیا کی قانون ساز اسمبلی نے مذکورہ بل متفقہ رائے سے منظور کر لیا ہے اور یہ بل عملدرآمد کے لئے گورنر کیلی فورنیا گیون نیوسم کو بھیج دیا گیا ہے جس پر آئندہ چند روز میں گورنر کے دستخظ کئے جانے کا امکان ہے۔ریاست کیلی فورنیا کی قانون ساز اسمبلی کی جانب سے منظور ہونے والے آئینی بل 1840 کے تحت اس ریاست کے رہائشی غیر قانونی تارکین وطن ریاست کی ان آئینی سہولیات کے اہل قرار پائیں گے جن کے تحت کیلی فورنیا میں پہلا گھر خریدنے کے لئے مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ رہاست کیلی فورنیا میں قانونی امیگریشن یا امریکی شہریوں کو پہلا گھر خریدنے کے لئے خصوصی مالی معاونت کی سہولت میسر ہے جس کے تحت پہلا گھر خریدنے کے لئے کم آمدنی والے شہریوں اور قانونی تارکین وطن کو ڈیڑھ لاکھ ڈالر تک کی مالی معاونت فراہم کرتے ہوئے انہیں غیر سودی قرض فراہم کیا جاتا ہے جو کہ انتہائی مناسب قسط پر واجب الادا ہوتا ہے۔ رئیل اسٹیٹ ماہرین کے مطابق مذکورہ بل پر عملدرآمد ہونے کے بعد اب غیر قانونی تارکین وطن بھی اس سہولت کے اہل ہو جائیں گے۔ریاست کیلی فورنیا سے منتخب ڈیموکریٹک اسٹیٹ نمائندے اس بل کی منظوری کو ریاست کے لوگوں کے لئے ایک غیر معمولی تحفہ قرار دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے اس قانون کے بعد کیلی فورنیا کے ہر باشندے کا اپنا گھر ہونے کا خواب پورا ہو جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ قانون تمام تر تفریق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سب کو اپنے گھر میں رہنے کی سہولت فراہم کرے گا۔دوسری جانب کیلی فورنیا کے منتخب ری پبلکن اسٹیٹ نمائندوں نے اس بل پر شدید تنقید کی ہے اور اسے قانونی تارکین وطن اور امریکی شہریوں کے لئے خطرناک قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس قانون کے ذریعے قانونی تارکین وطن اور امریکی شہریوں کی یہاں حق تلفی ہو گی۔ گھروں کی خریداری کے لئے مخصوص فنڈز قانونی شہریوں کا حق ہے انہیں غیر قانونی تارکین وطن پر خرچ کرنا کوئی عقل مندی نہیں۔ادہر دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل ٹیسلا گروپ کے روح رواں ایلان مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئٹ کیا ہے کہ اس قانون کے بعد آدھی سے زائد دنیا کے لئے کیلی فورنیا منتقل ہونے کی خواہش کریں گے۔ یاد رہے کہ امریکی کی کسی بھی ریاست میں غیر قانونی تارکین وطن کو کسی قسم کا قرض لینے کی سہولت نہیں جبکہ بیشتر رہاستوں میں تو کرائے پر گھر لینے کے لئے بھی قانونی سکونت کا ثبوت فراہم کرنا پڑتا ہے۔