داؤد فاؤنڈیشن کے میگنفی سائنس سینٹر میں اوشن اوڈیسی کا افتتاح
کراچی: کراچی میں داؤد فاؤنڈیشن کے میگنفی سائنس سینٹرمیں اوشن اوڈیسی کا افتتاح کر دیا گیا اوشن داؤد فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی اور داؤد ہرکولیس کارپوریشن کے وائس چیئرمین عبد الصمد داؤد نے نئے سیکشن کا افتتاح کیا۔اوڈیسی سیکشن انٹرایکٹو نمائشوں کا ایک ایسا سلسلہ پیش کرتا ہے جو ہمارے سمندر کی خوبصورتی اور اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس سینٹر میں آنے والے پانچ سمندروں کے راز جان سکتے ہیں، آکسیجن پیدا کرنے اور آب و ہوا کو منظم کرنے میں ان کے کردار کو سمجھ سکتے ہیں اور اس سینٹر کے ایکویریئم میں جیتی جاگتی سمندری زندگی کا تجربہ بھی کر سکتے ہیں۔ نمائش سمندری آلودگی اور اس سے تحفظ کی کوششوں کی ضرورت کا احاطہ بھی کرتی ہے۔اس موقع پر عبد الصمد داؤد نے کہا کہ ہم اوشن اوڈیسی کی رونمائی کرتے ہوئے بہت خوش ہیں یہ ایسا سیکشن ہے جو سمندروں کے بارے میں شوق تحقیق پیدا کرنے اور ان سمندروں کی قدر کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ حصہ سمندری زندگی کی خوبصورتی اور زمین پر زندگی برقرار رکھنے میں سمندروں کے اہم کردار پر روشنی ڈالتا ہے۔ میگنفی سائنس سینٹر، 408 مختلف سائنسی نمائشوں کا مسکن ہے، جو تجسس پیدا کرنے اور سیکھنے کے عمل کو فروغ دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اوشن اوڈیسی نمائش اب عوام کے لیے کھلی ہے، جو ہر عمر کے افراد کے لیے ایک دلچسپ علمی تجربہ پیش کر رہی ہے۔